Loading
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فونک رابطے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مبارک باد دی اورعلاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کی شام کو ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط ہونے پر ایرانی قیادت حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے آغاز کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عمل خوش اسلوبی سے آگے بڑھے گا اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی تعمیری اور مسلسل سفارتی ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
عباس عراقچی نے 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا، ان افراد میں برطانیہ کی جانب سے سمندر میں ریسکیو کیے گئے 8 ایرانی ماہی گیر اور امریکا کی جانب سے حال ہی میں تحویل میں لیے گئے 22 عملے کے ارکان شامل ہیں، جن کی پاکستان کے ذریعے واپسی کے انتظامات جاری ہیں۔
گفتگو کے دوران دونوں فریقین نے باہمی رابطوں اور مشاورت کے تسلسل کی اہمیت پر اتفاق کیا اور مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل