Wednesday, August 26, 2026
 

پمز اسپتال میں آتشزدگی، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور شازیہ مری کا اظہار افسوس

 



پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پمز اسپتال اسلام آباد میں معصوم جانوں کا یہ نقصان پوری قوم کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ یہ معصوم بچے محض اعداد نہیں تھے، یہ غمزدہ خاندانوں کی امیدیں، خواب اور دعائیں تھے۔ نومولود بچے کی جدائی ایسا زخم ہے جس کا مداوا کوئی لفظ نہیں کر سکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے قوم کو بتایا جائے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں ایسا سانحہ کیسے پیش آیا۔ غفلت یا کمزور مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکامی کے ذمہ دار افراد کا احتساب کیا جانا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے زیر انتظام تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ رب کائنات متاثرہ خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ انہوں نے پمز اسپتال اسلام آباد کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور شازیہ مری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر دلی افسوس اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پمز اسپتال اسلام آباد میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک واقعے نے شدید صدمہ پہنچایا ہے، اسپتال جیسے حساس مقام پر آتشزدگی کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔ معصوم نومولود بچوں کا اس افسوسناک سانحے میں جاں بحق ہونا دل کو غمگین کر دینے والا واقعہ ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے پمز اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی جلد صحتیابی اور مکمل شفایابی کے لیے دعا بھی کی۔ شازیہ مری نے کہا کہ پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر دلی افسوس اور صدمے کا اظہار کرتی ہوں۔ آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک، دل دہلا دینے والی اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور صدمے میں برابر کی شریک ہوں۔ شازیہ مری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے اور پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے زخمیوں کو جلد اور مکمل صحتیابی عطا ہو۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل