Loading
نصیر آباد کے گوپال نگر مین بازار میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو گمراہ کرنے والے دو نوسربازوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز مشرف شاہ کے مطابق دونوں ملزمان سفید شلوار قمیض اور پولیس کیپ پہن کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔ نصیر آباد پولیس نے ملزمان سے شناخت طلب کی تو وہ سرکاری ملازم ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہ کرسکے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف اور عبدالماجد کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے اور پولیس کیپ کے غیر قانونی استعمال پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف دفعات 170 اور 171 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز مشرف شاہ نے کہا کہ پولیس کی شناخت یا وردی کا سہارا لے کر شہریوں کو دھوکہ دینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا پولیس اہلکار بن کر قانون کا رعب جمانے والے جیل جائیں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کوئی مشکوک شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرے تو اس کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل