Monday, November 23, 2026
 

نوے کی دہائی کے معروف پاپ گلوکار بنی انتقال کرگئے

 



پاکستانی پاپ موسیقی کے معروف گلوکار اور موسیقار محسن رضا خان المعروف بنی کراچی میں انتقال کرگئے۔ بنی ایک عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ بنی کے نام سے مشہور محسن رضا خان 1980 اور 1990 کی دہائی میں اپنے رومانوی گیتوں اور منفرد موسیقی کے باعث خاصے مقبول ہوئے تھے۔ ان کے مشہور گانوں میں ’’دل میں تم‘‘، ’’دیوانے‘‘، ’’بھاگورے اِز کنگ‘‘، ’’زخمی جگر‘‘ اور ’’پہلا پیار‘‘ شامل ہیں۔ ان کی موسیقی میں رومانوی پاپ دھنوں کے ساتھ بھنگڑا کا امتزاج بھی نمایاں تھا۔ گلوکار کے انتقال کی اطلاع معروف اداکار خالد انعم نے سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کے عزیز دوست اور بہترین موسیقار و گلوکار بنی گزشتہ روز کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پُرسکون انداز میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ خالد انعم نے ’’انا للہ وانا الیہ راجعون‘‘ لکھتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور ابدی سکون کی دعا بھی کی۔ بنی کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ مداحوں نے انہیں پاکستانی موسیقی کا اہم نام قرار دیتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔ اداکاراؤں انعم تنویر اور ژالے سرحدی نے بھی مرحوم کے لیے دعائیہ پیغامات شیئر کیے۔ بعض مداحوں نے ان کے گانوں اور ویڈیوز سے وابستہ یادیں بھی تازہ کیں۔ محسن رضا خان نے موسیقی کے میدان میں اپنے سفر کا آغاز 1973 میں لاہور کے ایک بینڈ میں شمولیت سے کیا تھا۔ ابتدا میں وہ ہوٹلوں میں پرفارم کرتے رہے، بعدازاں یورپ کے مختلف ممالک کا رخ کیا جہاں انہوں نے کلبوں اور دیگر مقامات پر موسیقی کے پروگراموں میں حصہ لیا۔ جرمنی اور اٹلی سمیت مختلف ممالک میں کام کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آئے اور اپنے پہلے البم کی تیاری پر توجہ دی۔ نومبر 1989 میں ان کا پہلا البم ریلیز ہوا، جس کا گیت ’’دل میں تم‘‘ ان کی پہچان بن گیا۔ اس گانے کی دھن بنی نے خود تیار کی تھی، جبکہ اس کے بول لکھوانے کے لیے وہ لاہور گئے اور ماسٹر منظور سے رابطہ کیا۔ گانا ریکارڈ ہونے کے بعد اسے ای ایم آئی پاکستان نے ریلیز کیا۔ بعدازاں اس کی ویڈیو پاکستان ٹیلی وژن کے میوزک پروگرام ’’میوزک چینل چارٹس‘‘ کے ابتدائی پروگراموں میں بھی پیش کی گئی، جس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔ بنی کو موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں تھی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ گلوکاری اور اداکاری کا شوق انہیں بچپن سے تھا اور وہ اسے قدرت کی عطا سمجھتے تھے۔ ان کے والد فوج میں تھے اور گھر میں فنونِ لطیفہ سے وابستگی کا کوئی خاص رجحان نہیں تھا، تاہم انہوں نے اپنی دلچسپی کو پیشہ ورانہ سرگرمی میں تبدیل کیا۔ ان کی موسیقی پر عالمی پاپ بینڈز بیٹلز اور رولنگ اسٹونز کے اثرات بھی رہے۔ گلوکاری کے علاوہ بنی نے کراچی میں اپنا ریکارڈنگ اسٹوڈیو بھی قائم کیا، جو طارق روڈ کے علاقے کے نوجوان موسیقاروں کے لیے ایک اہم مرکز بن گیا تھا۔ انہوں نے نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اپنے اسٹوڈیو میں کام کرنے کی سہولت فراہم کی۔ بینڈ مِزمار کے ارکان کو بھی انہوں نے اس وقت مفت اسٹوڈیو استعمال کرنے کی اجازت دی جب وہ اپنے ابتدائی دور میں اخراجات برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ موسیقار عمران مومینہ اور شالم زیویئر نے بھی ان کی سرپرستی میں کام سیکھا۔ بنی کے دیگر معروف گیتوں میں ’’راستہ نیا‘‘ اور ’’دیوانہ‘‘ بھی شامل ہیں۔ ان کے گانے 80 اور 90 کی دہائی میں پاکستانی پاپ موسیقی کے سننے والوں میں مقبول رہے اور آج بھی اس دور کی موسیقی کا ذکر ہو تو ان کا نام لیا جاتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل