Monday, November 23, 2026
 

کوہاٹ میں مبینہ غیرقانونی گولڈ مائننگ کاالزام، آفتاب عالم کا گورنر کے پی کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس

 



خیبرپختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو مائننگ کا الزام لگانے پر 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس دے دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ نے کوہاٹ میں مبینہ غیر قانونی گولڈ مائننگ اور جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق کے الزامات پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ نوٹس میں گورنر سے الزامات فوری طور پر واپس لینے، غیر مشروط عوامی معافی مانگنے اور ساکھ و عزت کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے وکیل محمد انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ کے ذریعے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں سیکشن 8 ڈیفیمیشن آرڈیننس 2002 کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر کی جانب سے آفتاب عالم آفریدی کو کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور مبینہ جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک کرنے کے الزامات بے بنیاد، جھوٹے، بدنیتی پر مبنی اور ہتک آمیز ہیں۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان الزامات کے باعث صوبائی وزیر قانون کی عزت، ساکھ، سماجی حیثیت اور ذہنی سکون کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی سمیت سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک آئینی عہدے پر فائز شخصیت کی جانب سے اس نوعیت کے الزامات عائد کرنا انتہائی سنگین معاملہ ہے۔نوٹس کے ذریعے گورنر فیصل کریم کنڈی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام الزامات فوری اور غیر مشروط طور پر واپس لیں، آئندہ ایسے بیانات دینے یا انہیں پھیلانے سے گریز کریں اور اسی الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط اور واضح عوامی معافی شائع اور نشر کریں جہاں یہ الزامات سامنے آئے تھے، تاکہ معافی کو بھی اسی سطح کی تشہیر اور اہمیت حاصل ہو۔ قانونی نوٹس میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ آفتاب عالم آفریدی کی عزت، وقار، سماجی حیثیت اور ذہنی سکون کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 10 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کیے جائیں۔ نوٹس کے مطابق گورنر کو ان مطالبات پر عمل درآمد اور تحریری جواب دینے کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ بصورت دیگر آفتاب عالم آفریدی  عدالت میں ہتک عزت اور ہرجانے کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، جس کے لیے مزید نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔ نوٹس میں آئین کے آرٹیکل 248(4) کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گورنر کے عہدے پر برقرار رہنے کے دوران ان کے خلاف دیوانی کارروائی شروع کرنے سے متعلق آئینی تحفظ اور 60 روزہ مدت کو مدنظر رکھا جائے گا، جو قانونی نوٹس کی باقاعدہ ترسیل سے شمار ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل