Monday, November 23, 2026
 

جینیفر لوپیز کا آئندہ اپنے رومانوی تعلقات کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ

 



امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں اپنی نجی زندگی، بالخصوص رومانوی تعلقات، کے بارے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گی۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران جینیفر لوپیز نے سابق شوہر بین ایفلیک سے علیحدگی اور اپنے ماضی کے تعلقات پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی آخری شادی کا اختتام ہر اعتبار سے مایوس کن رہا، تاہم ازدواجی زندگی کے ان تجربات نے انہیں اپنی ذات کو بہتر طور پر سمجھنے اور زندگی کے بارے میں نئے زاویے سے سوچنے کا موقع دیا۔ گلوکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں وہ مسلسل ایک کے بعد دوسرا رومانوی تعلق قائم کرتی رہیں اور ہر مرتبہ انہیں امید ہوتی تھی کہ شاید اس بار انہیں وہ محبت مل جائے گی جس کی وہ خواہش مند ہیں۔ تاہم اب انہیں احساس ہوا ہے کہ کسی دوسرے شخص سے محبت کی توقع رکھنے سے پہلے خود سے محبت کرنا اور اپنی ذات کو سمجھنا ضروری ہے۔ پوڈکاسٹ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں دوبارہ کسی سے محبت کرنا چاہیں گی تو انہوں نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کسی نئے رشتے میں منسلک ہوئیں تو اس بارے میں میڈیا سے بات نہیں کریں گی، کیونکہ اب وہ اپنی زندگی کے اس پہلو کو ذاتی معاملہ ہی رکھنا چاہتی ہیں۔ جینیفر لوپیز نے مشہور شخصیات کے تعلقات پر میڈیا کی توجہ کو ایک ’’تباہ کن مشین‘‘ قرار دیا۔ واضح رہے کہ جینیفر لوپیز نے 1997ء میں اوجانی نووا سے پہلی شادی کی تھی، جو اگلے ہی سال ختم ہو گئی۔ بعد ازاں انہوں نے کرس جڈ سے شادی کی، لیکن 2003ء میں یہ رشتہ بھی طلاق پر منتج ہوا۔ ان کی تیسری شادی گلوکار مارک انتھونی سے ہوئی، جن سے ان کے ہاں جڑواں بچوں میکس اور ایمے کی پیدائش ہوئی۔ علیحدگی کے بعد دونوں بچوں کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔ جینیفر لوپیز نے 2024ء میں اداکار بین ایفلیک سے چوتھی شادی کی تھی، تاہم یہ ازدواجی تعلق بھی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا اور 2025ء میں دونوں کی طلاق ہو گئی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل