Friday, May 29, 2026
 

امریکی تاریخ تبدیل، ٹرمپ کی تصویر والا 250 ڈالر کا کرنسی نوٹ چھاپنے کی تیاریاں

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ممکنہ طور پر جلد 250 ڈالر کے امریکی کرنسی نوٹ پر نظر آسکتی ہے، جس کے لیے امریکی محکمہ خزانہ میں ابتدائی سطح پر تیاریوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ 250 ڈالر کے مجوزہ نوٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو تقریباً ڈیڑھ صدی بعد پہلی بار کسی زندہ شخصیت یا موجودہ صدر کی تصویر امریکی کرنسی پر شائع ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ نوٹ امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گزشتہ برس محکمہ خزانہ میں تعینات ٹرمپ کے دو قریبی عہدیداروں نے بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ کے عملے کو ابتدائی نمونے تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض حکام نے اس تجویز پر قانونی اعتراضات اٹھائے کیونکہ امریکی قانون کے مطابق کسی زندہ صدر یا شخصیت کی تصویر کرنسی پر شائع نہیں کی جاسکتی۔ بیورو کی ڈائریکٹر پیٹریشیا سولیمین نے بھی قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کی تھی، تاہم بعد میں انہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ قومی اداروں اور علامتوں پر ذاتی اثر قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سے قبل بھی کئی سرکاری و ثقافتی اداروں کے ساتھ ٹرمپ کا نام منسلک کیا جا چکا ہے۔ امریکی سینیٹر مارک وارنر نے اس منصوبے کو صدر ٹرمپ کی انا کو بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل