Friday, May 29, 2026
 

لاؤس؛ غار میں سیلاب کا پانی بھرجانے سے 5 افراد موت و زندگی کی کشمکش میں پھنس گئے

 



لاؤس میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کا پانی غار میں اچانک اور تیزی سے بھر جانے کے باعث وہاں موجود 5 افراد پھنس گئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی لاؤس کے صوبے لانگ پرابنگ کے قریب واقع غار میں 5 افراد شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی پانی کے باعث پھنس گئے تھے۔ امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ خراب موسم، غار میں پانی کی بلند سطح اور تنگ راستے امدادی کارروائی میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں جبکہ 2 مزید افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا لیکن کل صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ریسکیو آپریشن میں لاؤس کی فوج، پولیس، مقامی رضاکاروں اور ماہر غوطہ خوروں کے علاوہ تھائی لینڈ کے تجربہ کار غار ریسکیو ماہرین بھی شریک ہیں۔ امدادی کارکن پانی نکالنے والی مشینوں، آکسیجن سلنڈرز، رسیوں اور خصوصی غوطہ خوری کے آلات کی مدد سے اندر تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غار کے اندر موجود افراد تک خوراک، پانی اور طبی سامان پہنچانے کی کوشش بھی جاری ہے تاکہ ان کی حالت مستحکم رکھی جا سکے۔ ادھر موسمیاتی اداروں نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث امدادی کارروائی مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔ کئی گھنٹوں سے جاری امدادی کاموں میں بالآخر میں کچھ کامیابی حاصل ہوئی اور ایک شخص کو غار سے بحفاظت نکال لیا گیا تاہم اب بھی 4 افراد غار میں موجود ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں شریک ایک اہلکار نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایک کو باہر نکال لیا ہے باقی چار کو بھی نکالنے کے لیے پہلے ان کا طبی معائنہ اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 2018 میں تھائی لینڈ کے ایک غار میں جونیئر فٹبال ٹیم اور اس کے کوچ پھنس گئے جو پانی بھر جانے کے باعث اندر بنے ایک ٹیلے پر پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے جہاں تک پہنچے میں ریسکیو ٹیموں کو کئی دن لگ گئے تھے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل