Loading
کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے سیلاب کے دوران گمشدہ ہونے جانے والے مویشیوں کی تلاش اور ملکیت کی تصدیق کیلیے مصنوعی ذہانت پر مبنی موبائل ایپلیکیشن تھاری کرلی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے نوجوانوں کی مصنوعی زہانت سے چلنے والی ایپلی کیشن سیلاب میں گمشدہ مویشیوں کی تلاش میں مدد فراہم کریگی۔ انجینئرز اور محققین نے سیلابی صورتحال میں فارمرز کو بڑے نقصان سے بچانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک مفت سہولت پیش کردی ہے۔ یہ سہولت "اینمل پاسپورٹ" کے نام سے متعارف کرائی گئی ایپلی کیشن ہے، جس کے ذریعے سیلاب میں بہہ کر گم ہونے والے مویشیوں کو تلاش کرنے اور ان کی ملکیت کی تصدیق کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک بھر میں ہر سال لاکھوں مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ جاتے ہیں یا محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے دوران مالکان سے بچھڑ جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں مویشی پالنے والوں کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ گمشدہ مویشیوں کو تلاش کرنے کا کوئی منظم نظام موجود نہیں ہوتا۔ فارمرز کی اسی مشکل کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی کے انجینئرز نے جدید اے آئی پلیٹ فارم "اینمل پاسپورٹ" تیار کیا ہے۔ گلوبل اینمل پاسپورٹ کے بانی، عبدالباسط قریشی کے مطابق، سیلاب متاثرہ علاقوں کی مشکلات دیکھتے ہوئے یہ ایپلی کیشن پورے ملک میں بلا معاوضہ فراہم کی جارہی ہے تاکہ کسان اپنے مویشیوں کو محفوظ رکھ سکیں۔ ناک کے مسام، شناخت کا ذریعہ ایپلی کیشن مویشیوں کی ناک کے منفرد مسام کے پیٹرن کو اسکین کرکے ہر جانور کی ڈیجیٹل شناخت بناتی ہے۔ مالکان اس شناخت کے ساتھ اپنی بنیادی معلومات مثلاً نام، پتہ، رابطہ نمبر اور مویشی کی تفصیلات جیسے عمر، رنگ اور جنس بھی درج کرسکتے ہیں۔ اگر کوئی مویشی گم ہوجائے تو ایپلی کیشن کے ذریعے اس کی شناخت اور مالک تک واپسی ممکن ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ چونکہ ابھی سیلابی ریلا سندھ میں داخل نہیں ہوا، اس لیے مقامی فارمرز کے پاس موقع ہے کہ وہ بروقت اپنے مویشیوں کو ایپلی کیشن میں رجسٹر کرلیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں آسانی سے تلاش اور شناخت کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس ایپلی کیشن کے ذریعے دس ہزار کے قریب مویشیوں کو ڈیجیٹل شناخت دی جاچکی ہے اور جانچ کے دوران 99.9 فیصد درست نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایپلی کیشن کے استعمال کے لیے ضروری ہے کہ مویشی کی ناک کو اسکین کرنے سے پہلے اچھی طرح خشک کرلیا جائے تاکہ تصویر واضح اور درست آئے۔ یہ مفت سہولت نہ صرف گمشدہ مویشیوں کی تلاش کو آسان بنائے گی بلکہ فارمرز کو بھاری معاشی نقصان سے بھی بچائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل