Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران لی گئی چین، روس اور بھارتی سربراہان کی تصویر شیئر کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس تصویر کے ساتھ ذو معنی جملے بھی تحریر کیے۔ انھوں نے بھارت اور روس کے تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک چین کی گہری تاریکی میں ڈوب گئے۔ امریکی صدر نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ چین کی وجہ سے ہی بھارت اور روس کو شاید ہم نے کھو دیا ہے اور طنزیہ طور پر لکھا کہ وہ تینوں ایک دوسرے کے ساتھ خوشحال مستقبل گزاریں۔ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب عالمی منظرنامے پر چین تیزی سے اپنی معاشی اور سیاسی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے نئے اتحاد قائم کر رہا ہے۔ بھارت اور روس دونوں پہلے ہی سے چین کے ساتھ مختلف سطحوں پر خاص طور پر BRICS اتحاد اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ روس اور چین کے تعلقات گزشتہ ایک دہائی میں خاصے گہرے ہوئے ہیں، خاص طور پر یوکرین جنگ کے بعد جب مغربی دنیا نے سخت پابندیاں عائد کیں۔ جس کے بعد سے پابندیوں کے شکار روس کے لیے چین ایک اہم تجارتی اور عسکری شراکت دار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب بھارت اور چین کے تعلقات اگرچہ سرحدی تنازعات اور کشیدگی سے بھرپور ہیں، لیکن اقتصادی میدان میں چین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ ساتھ ہی، بھارت BRICS میں بھی چین اور روس کے ساتھ کھڑا ہے، جسے ٹرمپ اور دیگر مغربی تجزیہ کار "امریکا مخالف بلاک" کے طور پر دیکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اپنے پہلے دور صدارت (2017-2021) میں چین پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا جسے اب دوسرے دورِ اقتدار میں عروج پر پہنچا رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ بیان نہ صرف بھارت-امریکا تعلقات میں خدشات کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ بھی بتاتا ہے کہ آنے والے وقت میں امریکا کو اپنی خارجہ پالیسی کو کس طرح ازسرنو ترتیب دینا ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل