Loading
برطانیہ نے سندھ میں متوقع تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی 12 لاکھ پاؤنڈز (تقریباً 45 کروڑ 40 لاکھ روپے) کی اضافی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس امداد کو سیلاب سے بروقت انتباہی نظام اور متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا، انتہائی متاثرہ اور کمزور گھرانوں کی نشاندہی، ضروری اشیاء اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے سامان کا ذخیرہ اور انخلا کے مراکز کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق یہ امدادی فنڈز سندھ میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ (Jane Marriott CMG, OBE) نے کہا کہ سندھ اس وقت ہلاک خیز سیلاب کا سامنے کرنے کی تیاری کے ایک نہایت اہم مرحلے پر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ امداد کا ہر ایک ڈالر جو تباہی سے پہلے بچاؤ پر خرچ کیا جاتا ہے، اُس سے آفات کے بعد کے اخراجات میں سات گنا بچت ممکن ہوتی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کے بقول سب سے بڑھ کر یہ کہ اس امداد سے قیمتی جانیں محفوظ رہتی ہیں اور تباہی سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات متاثرہ آبادیوں کو آفات آنے سے قبل تحفظ فراہم کریں گے اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس امداد کے ساتھ پاکستان کے لیے برطانیہ کی مجموعی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد 25 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈز (95 کروڑ 80 لاکھ روپے) تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل برطانیہ نے 22 اگست کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے لیے 13 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈز (50 کروڑ 36 لاکھ روپے) کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ یہ امداد متاثرہ علاقوں میں فوری ردعمل اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے ہے، جن میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، آبپاشی چینلز کی مرمت اور زرعی و معاشی سرگرمیوں کی بحالی شامل ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق ان امداد کے ذریعے پاکستان بھر میں 4 لاکھ سے زائد افراد کو زندگی بچانے والی اودیات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں، برطانیہ نے پاکستان میں Start Ready Disaster Risk Financing نظام کے تحت بھی تعاون کیا ہے۔ جس کے تحت 5 لاکھ پاؤنڈز (18 کروڑ 90 لاکھ روپے) جاری کیے گئے جس سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں 20 ہزار افراد کو مستقبل کے ممکنہ سیلابوں کے اثرات سے بچانے کے لیے معاونت فراہم کی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل