Friday, September 05, 2025
 

رینجرزنے  چھاپہ مار کر اغوا برائے تاوان کے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا

 



پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران مچھر کالونی سے شہریوں کے اغوا میں ملوث بدنام زمانہ ملزم محمد نور عرف منا ڈانسر ولد عبدالشکور کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز نے گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی اور موبائل فون بھی برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے جبکہ گزشتہ ماہ 14 اگست کو ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں نے مزار قائد  سے 15 سالہ راشد بلیدی کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی جس میں ملزم کے دیگر 7 ساتھیوں عامر علی ، بلال علی ، فیصل رانا ، محمد نعمان ، فرید الحق ، محمد نور اور ملزمہ گلزارہ شبیر رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ ملزم محمد نور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم محمد نور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اغوا برائے تاوان ، پولیس مقابلوں ، اقدام قتل اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ملزم نے دوران تفتیش  اعتراف بھی کیا ہے کہ وہ اپنے ایک ساتھی محمد آصف ولد اکبر کے ساتھ ملکر یکم اگست 2025 کو کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ ابراہیم حیدری کورنگی سے ایک 19 سالہ عورت مسکان زوجہ عمیر کو اغوا کر نے میں بھی ملوث ہے جس کا مقدمہ ابراہیم حیدری تھانے میں درج ہے اور اس مقدمے میں بھی وہ مفرور اور پولیس کو مطلوب تھا ۔ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے ، ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں ، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال اور میسج کر کے اطلاع دیں ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل