Loading
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی کے مضافات میں اتوار کو شام تا رات بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور 10 ستمبر تک مون سون سسٹم کے تحت کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت مغربی مدھیا پردیش میں موجود ہے جو مغرب اور شمال مغرب کی جانب حرکت کرتے ہوئے راجستھان اور ملحقہ سندھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مذکورہ سسٹم کی وجہ سے صوبے کے مشرقی علاقوں میں طاقت ور مون سون ہوائیں داخل ہونے اور شہرکے مضافات میں اتوار کو شام تا رات بارش کا امکان ہے جبکہ آنے والے دنوں میں اس سسٹم کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شام سے دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میر پورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری سمیت دیگر میں گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دادو، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اورگھوٹکی میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران کہیں درمیانی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے اور گڈوبیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں 7 ستمبر کو اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل