Loading
امریکا کے سابق صدر جوبائیڈن ایک بار پھر آپریشن تھیٹر میں پہنچ گئے، اس بار ان کی اسکن کینسر کی سرجری کی گئی ہے۔ 82 سالہ بائیڈن پہلے ہی پروسٹیٹ کینسر کی خطرناک قسم سے نبرد آزما ہیں، جس کی تشخیص انہوں نے رواں برس مئی میں عوام کے سامنے کی تھی۔ اس وقت انہوں نے بتایا تھا کہ بیماری کافی حد تک پھیل چکی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب بائیڈن کو کینسر کے باعث سرجری کرانا پڑی ہو۔ 2023 میں صدارت کے دوران بھی ان کے سینے سے اسکن کینسر کے خلیات نکالے گئے تھے، جبکہ اس سے قبل بھی وہ کینسر کی مختلف اقسام کی سرجریز سے گزر چکے ہیں۔ تازہ ترین آپریشن میں بھی اسی مرض کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق، بائیڈن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ان کی ’موہس سرجری‘ (Mohs surgery) کی گئی ہے۔ اس طریقۂ علاج میں جلد کے کینسر زدہ حصے کو احتیاط کے ساتھ کاٹ کر نکال دیا جاتا ہے تاکہ مرض مزید نہ پھیل سکے۔ تاہم ترجمان نے ان کی صحت کے موجودہ حالات یا آئندہ کے علاج سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ حالیہ دنوں میں بائیڈن کے سر کے دائیں حصے پر زخم نما نشان دیکھنے میں آیا، جس پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی جگہ سے متاثرہ جلد کو نکالا گیا ہوگا۔ مگر اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ یاد رہے کہ جوبائیڈن کے بڑے بیٹے بھی 2015 میں کینسر کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ بائیڈن خود بھی ہمیشہ اس مرض کے حوالے سے آگاہی پھیلانے اور علاج کے وسائل بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔ آج وہ خود بیماری کے خلاف مسلسل جدوجہد میں مصروف ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل