Loading
یوم دفاع و شہداء کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز سمیت مختلف گیریژنز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جنرل ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداء پر تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف آف جنرل اسٹاف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ راولپنڈی، ملتان، کوئٹہ اور کھاریاں گیریژنز میں بھی پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقاریب میں افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، مادر وطن کے دفاع میں جان نثار کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شرکاء نے مزید کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد اور شہداء و غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے، دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کوئٹہ گیریژن میں یادگار شہداء پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان تقریب کے مہمانِ خصوصی جبکہ گورنر بلوچستان گیسٹ آف آنر تھے، تقریب میں کور کمانڈر بلوچستان بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یاد گارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصال و ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام ، جوانوں اور شہداء کے لواحقین نے بھی شرکت کی، شرکاء نے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل