Loading
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکسپریس نیوز کی جانب سے نشر کردہ موبائل سمز ڈیٹا انٹرنیٹ پر فروخت ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے این سی سی آئی اے کو ہدایت کردی۔ ایکسپریس نیوز کی جانب سے خبر نشر کی گئی کہ انٹرنیٹ پر حکومتی شخصیات، اعلیٰ سرکاری افسران اور وفاقی وزرا کی موبائل سمز کا تمام ڈیٹا انٹرنیٹ پر کھلے عام فروخت ہورہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے چیئرمین پی ٹی اے تک تمام شخصیات کی سمز کی تفصیلات، شناختی کارڈ کی تصاویر، کال ڈیٹا ریکارڈ اور لوکیشن کی تفصیلات گوگل اور مختلف ویب سائٹس پر سستے داموں فروخت ہورہی ہیں۔ ایکسپریس نیوز نے ایک سال قبل بھی اس حوالے سے نشاندہی کی تھی جس پر پی ٹی اے نے دعویٰ کیا تھا کہ ایسی تمام ویب سائٹس کو پاکستان میں بند کردیا گیا ہے تاہم ایک بار پھر مختلف ویب سائٹس پر یہ ڈیٹا فروخت کیلیے دستیاب ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو ہدایات جاری کیں اور تحقیقات کیلیے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے، یہ ٹیم ڈیٹا لیکج کے معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی جبکہ اس میں ملوث عناصر کا تعین کر کے فوری کارروائی کرے گی۔ ترجمان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم 14 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل