Monday, September 08, 2025
 

امریکہ کے شہر شکاگو میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سفیر پاکستان کے اعزاز میں تقریب

 



یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے امریکہ کے شہر شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر  رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ قونصلیٹ جنرل میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں رکن  کانگریس جوناتھن جیکسن، شکاگو سٹی کی خزانچی میلیسا کونیئرز-ارون ، پاکستانی  کمیونٹی کے ممتاز اراکین اور سینئر منتخب عہدیداروں  نے شرکت کی۔ اپنے کلیدی خطاب میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے  یوم دفاع پاکستان کی اہمیت اور آپریشن بنیان المرصوص کے جذبے پر روشنی ڈالی  جو پاکستانی قوم کی مضبوطی اور اس کی مسلح افواج کی بہادری کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تذویراتی جغرافیائی محل وقوع، باصلاحیت انسانی وسائل ، تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیک ایکوسسٹم سمیت مختلف صلاحیتوں اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔  سفیر پاکستان نے  پاک امریکہ تعلقات کی مختلف جہتوں خاص طور پر اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں دوطرفہ تعاون پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ خصوصاً دونوں ملکوں کے درمیان ایک متحرک پل کا کردار  ادا کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ  اپنی کاوشیں جاری رکھیں، پاکستان کی ترقی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں، اور اس کے  روشن  مستقبل میں سرمایہ کاری کریں اور  وطن عزیز  کے مثبت امیج کو فروغ دیں۔ اس تقریب میں ایک انٹرایکٹو سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا  جس کے دوران سفیر  پاکستان  نے مختلف موضوعات پر کمیونٹی کے اراکین کے سوالات کے جوابات دیے۔ سفیر پاکستان  نے شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم کی شاندار خدمات اور لگن کو بھی سراہا۔ قبل ازیں قونصل جنرل طارق کریم نے سفیر  پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے قونصلیٹ جنرل کی ترجیحات اور حالیہ کامیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان اور امریکی مڈویسٹ کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری پر روشنی ڈالی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستانی-امریکی کمیونٹی اور پاکستان کے دوستوں کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ یہ تقریب اتحاد اور رجائیت کے اظہار  پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں پاکستان کی ترقی اور پاک-امریکہ  تعلقات  کی مضبوطی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل