Loading
دبئی پولیس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والے ایشیا کپ کے ہائی والٹیج مقابلے کے حوالے سے قواعد جاری کر دیے۔ دبئی پولیس نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 پر شروع ہونے والے میچ کے لیےاسٹیڈیم کے دروازے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔ جو افراد اسٹیڈیم میں داخل ہونا چاہتے ہیں، انہیں داخلے کی اجازت صرف تبھی ملے گی جب وہ ایک درست ٹکٹ دکھائیں گے۔ پولیس نے غیر مجاز پارکنگ سے خبردار کرتے ہوئے مداحوں کو یقین دہانی کرائی کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں مختص ہوں گی۔ مزید یہ کہ ایک بار اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ دبئی کی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی نے کرکٹ میچ کے دوران شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں تاکہ متحدہ عرب امارات کی تہذیب اور مہذب تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے سختی سے نمٹا جا ئے گا۔ سخت جرمانے دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف برائے آپریشنز اور دبئی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف مہر المزروعی نے کہا کہ جو شخص اسٹیڈیم میں بغیر اجازت کے داخل ہوتا ہے یا ممنوعہ اشیاء جیسے آتشبازی لے کر آتا ہے، اسے ایک سے تین ماہ کی قید اور کم از کم 5000 درہم اور زیادہ سے زیادہ 30000 درہم جرمانہ ہو سکتا ہے۔ مزید یہ کہ جو شخص میچ کے دوران تشدد کرتا، تماشائیوں یا میدان پر چیزیں پھینکتا، یا توہین آمیز زبان استعمال کرتا پایا گیا،اسے بھی قید کی سزا اور 10000 درہم سے 30000 درہم تک جرمانہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریموٹ کنڑول ڈیوائسز، جانور، غیر قانونی یا زہریلے مرکبات، پاور بینک، آتش بازی کا سامان، لیزر پوائنٹرز، شیشے کی اشیاء، سیلفی اسٹک، مونوپوڈز، چھتریاں، تیز دھار آلات، سگریٹ نوشی کا سامان، باہر کا کھانا یا مشروبات اور جھنڈے یا بینر لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل