Wednesday, October 01, 2025
 

کوئٹہ؛ ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج

 



کوئٹہ کے ماڈل ٹاؤن علاقے میں گزشتہ روز ہونے والے ناکام خودکش حملے کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حملہ ’’فتنۃ الخوارج‘‘ سے منسلک دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی پراکسی کے طور پر کام کر رہے تھے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق 30 ستمبر 2025 کی صبح حالی روڈ پر ماڈل ٹاؤن پشین اسٹاپ کے قریب ایک سوزوکی وین میں بارودی مواد بھر کر خودکش حملہ آور نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ حملہ آور کی گاڑی جیسے ہی سیکیورٹی حصار کے قریب پہنچی تو فورسز نے فوری طور پر ردِعمل دیتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ شدید جھڑپ کے دوران خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے جن میں ایک حملہ آور دھماکے سے قبل ہی ہلاک ہوگیا۔ اس جھڑپ میں 12 معصوم شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی اکثریت کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے تاہم دو ایف سی اہلکاروں کو شدید چوٹیں آئیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو محفوظ بنایا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دستی بم، جدید اسلحہ، گرنیڈ لانچرز اور دیگر دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جو ان کی منظم کارروائی کی نشاندہی کرتا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حملہ ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے اسے ناکام بنا دیا جبکہ شہر بھر کے سیف سٹی کیمروں کے فوٹیجز بھی حاصل کر لیے گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے لیے فوری امداد اور زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایات جاری کیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایف سی جوانوں کی جرات مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ کے دہشت گردوں کو عبرتناک انجام دیا جو قومی سلامتی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مقامی شہریوں نے بھی اس حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل