Loading
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گے اور پاکستان میں مزید انتہا پسندی، نفرت یا انتشارکی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے یہ ملک کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا، اسلامی نظریات و ناموس رسالت کی جو حفاظت مسلم لیگ( ن) کر سکتی ہے وہ کوئی اور جماعت نہیں کر سکتی،کسی کو مذہب کے نام پر انتشار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ پاکستان میں اتحاد، محبت اور یک جہتی کو فروغ دینا ہے، ہمارا مقصد ملک کو جدید معیشت کی طرف لے جانا ہے تاکہ غربت کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو خوش حالی میسر آئے اور جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)کے حوالے ہوا ہے اس نے ترقی کی ہے، جب چھینا گیا ہے تو یہ کمزور ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بدقسمتی سے جب بھی ہم نے ترقی کا سفر شروع کیا تو اسے سازشوں سے روک دیا گیا، 2022 میں یہ ملک ملا تو دنیا میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ چار ہفتے میں پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا لیکن وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 جماعتوں کو ساتھ لے کر پاکستان کو بچانے کا تہیہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سخت فیصلے کرنا پڑے، ملک کے لیے ہم نے اپنی سیاست کی پروا نہیں کی، ہم نے نہ صرف معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ صرف دو سال میں اسے ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا، جو ایک مثالی کامیابی ہے اور پاکستان آج عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتی مثبت پالیسیوں کی بدولت 2 سال میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 38 فیصد سے 4 فیصد ہوگئی ہے، شرح سود 23 فیصد سے 11 فیصد پر آگئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، معرکہ ترقی جیتنے کے لیے محنت کرنی ہے، ہم ایک ایسی اڑان اڑ سکتے ہیں کہ پاکستان ترقی کی مثال بن سکتا ہے، بحیثیت قوم ہمیں معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس مٹی کے امن و استحکام کی حفاظت کرنی ہے، ہندوستان اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو بھی ایسا کر رہا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت معاشی ترقی اور خوش حالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اب وقت ہے کہ معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی میں سب اپنا کردار ادا کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں ملک سے ٹیکس چوری ختم کرنی ہوگی، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،آئندہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل