Loading
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں بھارت کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر روہت شرما نے شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ خراب فارم کے باعث ان کے مستقبل پر اٹھنے والی چہ مگوئیاں کو ختم کردیا اور ساتھ ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف دیا تو جواب بھارت کے کپتان اور اوپنر شبمن گل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم روہت شرما اور ویرات کوہلی نے بہترین شراکت داری کے ساتھ ٹیم 9 وکٹوں سے فتح دلائی۔ بھارت کے 38 سالہ بیٹر روہت شرما نے 33 اوور میں ایڈم زیمپا کی آخری گیند پر اپنے ایک روزہ کیریئر کی 33 ویں سنچری مکمل کی، ان کی یہ سنچری بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں 50 ویں سنچری ہے۔ روہت شرما نے آسٹریلیا میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیرملکی کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل ویرات کوہلی نے 5 سنچریاں بنا کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ سابق بھارتی کپتان کی ون ڈے میں آسٹریلیا کے خلاف نویں سنچری ہے۔ روہت شرما سیریز کے پہلے میچ میں صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، جس کے بعد ورلڈ کپ 2027 تک ان کے کھیلنے کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع کردی گئی تھیں تاہم ایڈیلیڈ میں دوسرے میچ میں 73 رنز بنا کر زبردست واپسی کی تھی۔ دوسری طرف ویرات کوہلی نے بھی آخری ون ڈے میں ذمہ دارانہ انداز میں آؤٹ ہوئے بغیر 74 رنز کی اننگز کھیل کر فارم دوبارہ حاصل کرلی ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے دو ایک روزہ میچوں میں شکست دے کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کرلی تھی تاہم آخری میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کرکے کلین سوئپ سے خود کو بچالیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل