Friday, November 21, 2025
 

سابق گورنر پنجاب کے روپ میں فراڈ کرنے والے ملزمان گرفتار

 



نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں خود کو سابق گورنر پنجاب ظاہر کرکے شہری سے فراڈ کے ذریعے رقم ہتھیانے پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ این سی سی آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان  واٹس ایپ کے ذریعے جعل سازی اور مالی فراڈ میں ملوث رہے ہیں اور اس کی شکایت ایک شہری محمد حسیب مقبول احمد نے درج کرائی اور مؤقف اختیار کیا  کہ ملزمان نے سابق گورنر پنجاب کا روپ دھار کر دھوکا دہی کے ذریعے 5 لاکھ 75 ہزار روپے ہتھیا لیے۔ تحقیقات کے دوران بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے ملزمان محمد ندیم اور محمد مظہر جعل سازی، خود کو اہم سرکاری شخصیت ظاہر کرنے اور پیسے بٹورنے میں ملوث پائے گئے اور مزید شواہد کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی سیکشن 14 اور 419، 420، 34 اور پی پی سی  کے تحت درج کیا گیا ہے، ملزمان کو منچن آباد میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا اور ان کی تصاویر بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ این سی سی آئی اے نے بتایا کہ دونوں گرفتار شدگان کو مزید تفتیش کے لیے 22 نومبر 2025 کو متعلقہ مجاز عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملزمان نے سابق گورنر پنجاب بن کر شہری سے رابطہ کیا اور دھوکہ دہی کے ذریعے رقم حاصل کی جبکہ مزید اہم شواہد کے حصول کے لیے تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل