Loading
عید الاضحی کی چھٹیوں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس میں 2200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی رہی اور 100 انڈیکس 1.3 فیصد بڑھ گیا جبکہ 2200 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 1 لاکھ 73 ہزار 900 پوائنٹس انڈیکس بند ہوا۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 177 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 60.81 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
جمعے کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس بلندی کی جانب گامزن رہا تاہم پہلے سیشن میں کاروبار اتار چڑھاؤ کا بھی شکار رہا جس کی وجہ سے 100انڈیکس 171546 پوائنٹس کی کم سطح پر ٹریڈ ہوا۔
بعد ازاں دوسرے سیشن میں تیزی کا رجحان رہا، اس دوران 100 انڈیکس 174,000 کی سطح عبور کرتے ہوئے 174,106.34 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، اگرچہ سیشن کے اختتام کے قریب کچھ پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی تاہم مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار ہوا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، او ایم سیز اور پاور جنریشن میں سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا بھرپور رجحان دیکھا گیا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2237 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 171725پوائنٹس سے بڑھ کر 173962پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 649 پوائنٹس کے اضافہ سے 52166 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 103214پوائنٹس کے بڑھ کر 104178پوائنٹس پر جا پہنچا۔
کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمایہ میں 177ارب 22 کروڑ 68 لاکھ 66 ہزار 184روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث سرمایہ کا مجموعی حجم 18989ارب 4 کروڑ 78 لاکھ 5 ہزار 384 روپے ہوگیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 40 ارب روپے مالیت کے 55کروڑ 50لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کے روز 50ارب 63لاکھ حصص کے سودے 31ارب روپے مالیت میں طے ہوئے تھے۔
اسٹاک مارکیٹ میں جمعے کو مجموعی طور پر 490 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 258کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 161میں کمی اور 31 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔
کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، ورلڈ کال ٹیلی کام، میپل لیف اور سوئی سدرن گیس سرفہرست رہے ہیں۔
قیمتوں کے اتار چڑھاؤں کے اعتبار سے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کا بھاؤ 669.12 روپے بڑھ کر 18598 روپے ہوگیا اسی طرح 220.86 روپے کے اضافہ سے خیر پور شوگر لمیٹڈ کی حصص کی قیمت 2429.42روپے پر جاپہنچی جبکہ سیفائر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کا بھاؤ 21.74 روپے گھٹ کر 1335.68روپے ہوگیا اسی طرح 13.15روپے کی کمی سے اسماعیل انڈسٹریز لمیٹڈ کی قیمت 1956روپے پر آگئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل