Friday, May 29, 2026
 

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں کمی کا اعلان

 



پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا اور امید کرتے ہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید بھی کمی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹرز سمیت ہر پاکستانی کو ریلیف ملتا ہے، جنگی حالات کی وجہ سے ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ میں انتہا درجے کی  کمی واقع ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کام کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ جنگی حالات اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہمارا ٹرانسپورٹ کا کام بہت متاثر ہوا ہے، کام نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امید کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت کی طرف سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو مزید ریلیف دیا جائے گا، ہم گاڑیاں ملک کے وسیع تر مفاد میں نقصان میں چلا رہے ہیں۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف مانگا تھا، ہم جتنے ٹیکسز ادا کرتے ہیں حکومت اتنی سہولیات بھی ہمیں دے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے آج ہم پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹول ٹیکس ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف دیا جائے۔ ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کی روز مرہ کی اشیا کی قیمتوں میں کمی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور قیمتیں برقرار رکھنے سے ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل