Loading
تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر دل دہہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم ملزم گلی میں کھیلتی ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن چھری سے کاٹ کر شدید زخمی کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے سخت نوٹس لینے پر پولیس مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تھانہ دھمیال میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار جواد الحسن کی مدعیت میں درج مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ گلی نمبر 6 گرجا روڈ پر ڈیڑھ سالہ بچی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچا تو پتا چلا کہ ڈیڑھ سالہ چھوٹی بچی ایمن فاطمہ گردن پر چھری کے وار سے شدید زخمی ہوئی ہے۔
درج مقدمے میں بتایا گیا کہ مزید پتہ کرنے پر پتا چلا کہ کسی نامعلوم شخص نے بچی کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کرنے کے لیے گردن پر چھری سے وار کیا جس کے باعث بچی شدید زخمی ہوگئی، بچی کو علاج کے لیے ڈسڑکٹ اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جہاں بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی جانچ پڑتال میں معلوم ہوا ہے کہ بچی کے والدین حیات ہیں، بچی کھیلتے ہوئے گھر سے باہر نکلی تھی کہ نامعلوم ملزم نے زخمی کیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم ملزم کے خلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تفتیش کی جا رہی ہے، جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل