Monday, July 06, 2026
 

سندھ حکومت نے 60 صنعتوں کے ہنرمندوں کی کم از کم اجرتوں میں اضافے کی تجویز دیدی

 



سندھ حکومت نے 60 صنعتوں کے نیم ہنرمند، ہنرمند اور اعلیٰ ہنرمند کارکنوں کی کم از کم اجرتوں میں اضافے کی تجویز جاری کردی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کے سندھ منیمم ویجز بورڈ نے صوبے بھر کی 60 مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے نیم ہنرمند، ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کی کم از کم ماہانہ اجرتوں میں اضافے کی مجوزہ شرحیں سرکاری گزٹ کے ذریعے جاری کردی ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق موجودہ اجرتوں میں 7.5 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ نئی کم از کم ماہانہ اجرت کے تحت نیم ہنرمند کارکن کی تنخواہ 44 ہزار 484 روپے، ہنر مند کارکن کی 53 ہزار 350 روپے جبکہ اعلیٰ ہنر مند کارکن کی کم از کم ماہانہ اجرت 55 ہزار 626 روپے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ سندھ منیمم ویجز بورڈ کے مطابق یہ مجوزہ شرحیں مہنگائی، معاشی حالات، پیداواری صلاحیت اور سہ فریقی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔ نوٹی فکیشن پر عوام، صنعت کاروں، آجر تنظیموں اور مزدور نمائندوں سے 14 روز کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد حتمی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ مجوزہ کم از کم اجرتیں صوبہ سندھ کی 60 صنعتوں پر لاگو ہوں گی، جبکہ آجر کسی بھی کارکن کو مقررہ کم از کم اجرت سے کم تنخواہ ادا نہیں کر سکیں گے اور مرد و خواتین کارکنوں کو یکساں نوعیت کے کام پر مساوی کم از کم اجرت دینا لازم ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل