Loading
مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کی گئی ایک جعلی ویڈیو میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے نام سے یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تو مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
وائرل کلپ میں شعیب اختر کی مصنوعی آواز اور چہرے کا استعمال کرتے ہوئے وسیم اکرم کی اچانک موت کی جھوٹی خبر نشر کی گئی تھی۔ اس گمراہ کن ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے توجہ حاصل کرلی اور متعدد افراد اس خبر کو سچ سمجھ بیٹھے۔
https://www.instagram.com/reel/DaXw4Tztx6D
اس صورتحال پر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تازہ ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ کے ذریعے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں اور اے آئی ویڈیوز کے برعکس وسیم اکرم خیریت سے ہیں اور مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
شنیرا اکرم کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے بعد وسیم اکرم کی وفات سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئیں، تاہم اس واقعے نے مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
https://www.instagram.com/reel/DaXpCZ9sOe-
سوشل میڈیا صارفین نے جعلی ویڈیو بنانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض توجہ حاصل کرنے یا زیادہ ویوز کے لیے اس طرح کی جھوٹی اور سنسنی خیز خبریں پھیلانا انتہائی غیر ذمے دارانہ عمل ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایسی ڈیپ فیک ویڈیوز نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ معروف شخصیات کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں میں بلاوجہ خوف اور پریشانی بھی پیدا کرتی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل