Saturday, July 18, 2026
 

عمران خان کی بہن نورین نیازی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم پر نوٹس جاری

 



نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن نورین نیازی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر مہم پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد انکوائری کے سلسلے میں تفتیش جاری رہی ہے۔ نوٹس میں نورین نیازی سے کہا گیا ہے کہ آپ کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ جھوٹا، جارحانہ اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا مواد پھیلاتے ہوئے پایا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو انکوائری کے سلسلے میں اسلام آباد میں بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور انکوائری نمبر RE-2031/2026 کے تحت طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ نورین نیازی کو 20 جولائی کو سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور اپنے ساتھ اصل شناختی کارڈ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نوٹس کی تعمیل نہ کرنے پر تعزیرات پاکستان کی شق 147 کے تحت قابل سزا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ معرکہ حق افواج پاکستان اور مودی کا گٹھ جوڑ تھا اور بھارت نے اسرائیل کہنے پر پاکستان پر حملہ کرنے سے گریز کیا تھا کیونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا۔ نورین نیازی کے اس بیان کو ذاتی مفاد کے بیانیے کی عکاسی قرار دیا گیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے اس گمراہ کن بیان کو بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل