Loading
شہر قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پہلا واقعہ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر، انڈس پلازہ قبرستان کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ رب نواز جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کو کمر پر گولیاں لگیں جس کے بعد اسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رب نواز گھر واپس جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے عقب سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اسے کمر پر دو گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا ہے جو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
دوسرا واقعہ گلبائی کے علاقے لیاری ایکسپریس وے پل کے قریب پیش آیا جہاں ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو چھیپا کے رضا کاروں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم اس کی عمر تقریباً 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مقتول کی شناخت کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل