Loading
امریکا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شامل میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون کا کارگو طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا طیارہ رن وے سے آگے نکل کر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ اتوار کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب ایمیزون پرائم ایئر کے لیے پرواز کرنے والا بوئنگ 767 کارگو طیارہ پورٹو ریکو سے میامی پہنچا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 21 ایئر کی پرواز 7598 مقامی وقت کے مطابق تقریباً 2 بجے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد رن وے سے آگے نکل گئی۔
طیارے کے حادثے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جبکہ آسمان پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کے مطابق طیارہ رن وے سے نکل کر ایئرپورٹ کے شمال مغربی حصے میں جا کر رک گیا جبکہ حادثے کے بعد ایئرپورٹ کی تمام رن ویز اور ٹیکسی ویز بند کردی گئیں۔
حکام نے ایئرپورٹ پر ایئر اور گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کرتے ہوئے تمام پروازوں کی آمد و رفت روک دی جس کے باعث مسافروں کو شدید تاخیر اور ممکنہ پروازوں کی منسوخی کا سامنا ہے۔
میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کی 60 سے زائد گاڑیاں اور اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے ساتھ متاثرہ افراد کی جانچ پڑتال شروع کردی۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے تاہم فوری طور پر جانی نقصان یا زخمیوں کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل