Wednesday, July 16, 2025
 

عمران خان اور غلام سرور نے مل کر پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا، خواجہ آصف

 



وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی کابینہ کے وزیر غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا، انہوں نے ریاست کے خلاف جرم کیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل شہباز شریف کی حکومت میں ہم نے عبور کیا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت میں ہم پر بین لگا تھا، غلام سرور نے اپنے ہی ادارے پر تنقید کر کے اداروں کو دعوت دی کہ پاکستان کی ائیر لائن پر بین لگا دیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ  آج تک انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں دی، اس کی ذمہ داری عمران خان پر بھی آتی ہے، اس کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوا، سب سے بڑا نقصان قومی وقار کا مجروح ہونا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسٹاف نے دوسری ائیر لائنز کو اسٹبلش کیا تھا، اس سارے وقار کو ایک شخص نے ختم کر دیا، ان کی کیا وجہ تھی یہ ایک لمحہ فکریہ ہے، جب لوگ وفات پا جاتے تھے تو پی آئی اے فری میں میتیں پاکستان لاتی تھی، اب ان کو ہزاروں ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لئے یہ ایک صدمہ تھا، اب تو انہوں نے ادھر ہی قبرستان کی جگہ لے لی ہے، غلام سرور اور عمران خان نے پی آئی اے کو نقصان پنچایا، یہ معاملہ خوش اسلوبی سے اب حل ہو رہا ہے، ہم آپریٹنگ لائسنس لیں گے اب۔ انہوں نے کہا کہ میرے علم میں ہے کہ ائیر بلیو کو بھی اجازت دی ہے کہ وہ بھی اپریٹ کریں، سی اے اے پر یورپی یونین کا اعتماد ہے، میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں سعد رفیق کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پچھلے دو تین سال انہوں نے کافی کام کیا، آج ہم سر خرو ہو گئے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری اس وقت کوشش جاری ہے کہ نیو یارک کی فلائٹ بھی بحال ہو، اگلا مرحلہ یہ ہے کہ ہم پی آئی اے کو پرائیویٹائز کرنے جا رہے ہیں، ہم تمام کام کرنے کے بعد اس کو پرائویٹائز کرنے جا رہے ہیں تاکہ اس کی قیمت بڑھے، ہمیں ریگولیٹرز نے گائیڈ کیا، تاکہ ان کے لئے ہمیں اجازت دینا آسان ہو جائے۔ خواجہ آصف  نے کہا کہ شہباز شریف نے ہر وقت اس چیز کو مونیٹر کیا ، پرسنلی ساری رپورٹ لیتے تھے ، جو بھی گروپ اس کو لے گا اسے سب تیار چیز ملے گی، اس ائیر لائن کو نئے جہاز دئیے جائیں گے، نئے روٹ ملیں گے، اوور سیز پاکستانی آسانی سے اپنے ملک سفر کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پیسے اور وقت بھی کم لگے گا،  میں ساری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، اس میں بہت سے دوست احباب کی محنت شامل ہے،  آج کا دن ایک یادگار دن ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل