Loading
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو رواں مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران 194 ارب روپے کم ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں اور ستمبر کے دوران 138 ارب روپے کے عبوری ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے رات گئے تک ستمبر 2025 کے لیے مجموعی طور پر1230 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کی ہیں جبکہ ستمبر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1368ارب روپے تھا اوریوں ستمبرمیں 138 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) 2025 میں مجموعی طور پر2886 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جو کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے مقرر کردہ 3080 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں 194 ارب روپے کم ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یہ ریونیو شارٹ فال 56 ارب روپے تھا جو ستمبر میں 138 ارب روپے اضافے کے ساتھ بڑھ کر 194ارب روپے ہوگیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ اگلے چند دن میں ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعداد و شمار موصول ہونے پر ریونیو شارٹ فال میں کچھ کمی متوقع ہے البتہ پھر بھی ریونیو شارٹ فال 150 ارب روپے سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس وقت آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان میں موجود ہے اور دوسرے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات ہو رہے ہیں اور آئی ایم ایف پہلے ہی ریونیو کے بارے میں تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ستمبر میں مزید ریونیو شارٹ فال سے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے اور اس شارٹ فال کے بارے میں آئی ایم ایف ٹیم کو مطمئن کرنا ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل