Loading
کراچی میں ملیر سعود آباد کے علاقے میں کاروباری تنازع پر تاجر کے والد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے اور پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں مسلح افراد دو گاڑیوں میں آئے اور تاجر کے والد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور ملزمان جاتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جس کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ تاجر نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے والد کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں جلد از جلد بازیاب کرایا جائے، مقدمے کے متن کے مطابق اغوا کا واقعہ کاروباری لین دین کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
سعود آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کرلیا ہے اور مقدمے میں دو شہریوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا کی واردات کاروباری تنازع کے باعث پیش آئی، تاہم واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور مغوی کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل