Loading
میرپورخاص میں معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ٹاؤن چیئرمین سید شازل علی شاہ، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی میرپورخاص اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
جشن کے دوران شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے پورا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
تقریب میں ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے اور معروف گلوکاروں صنم ماروی، تاج مستانی، طفیل سنجرانی، زبیر رحمان، اصغر کھوسو اور علی گل ملاح نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی آر ایس ایس سوچ ہمیشہ جنگی جنون کو ہوا دیتی رہی ہے تاہم پاک افواج اور پاکستانی قوم نے متحد ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایئرفورس نے دشمن کے 6 جہاز گرا کر اس کا غرور توڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بھارتی دہشتگردی اور جارحیت کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا اور پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جبکہ میرپورخاص کا ہر فرد وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل