Loading
پشاور میں چیمپئنز کرکٹ لیگ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جہاں کرکٹ کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد آفریدی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پشاور میرا گھر ہے، اپنے شہر آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں چیمپئنز کرکٹ لیگ کا انعقاد بہت پہلے ہونا چاہیے تھا کیونکہ یہ صوبہ بہت ٹیلنٹ دے رہا ہے۔
سابق قومی کپتان نے کہا کہ صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے مزید نکھارنے کے لیے جدید کرکٹ اکیڈمیز قائم کی جانی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر سہولیات اور مواقع میسر آ سکیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیمپئنز کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد دنیا کو خیبرپختونخوا کا مثبت اور پُرامن چہرہ دکھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم پُرامن لوگ ہیں دہشت گرد نہیں۔ گورنر نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا ٹورنامنٹ کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق چیمپئنز کرکٹ لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور اس ایونٹ کو ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کے نصف سے زائد کھلاڑی اسی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے اور یہی اس لیگ کے انعقاد کا بنیادی مقصد بھی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل