Wednesday, July 16, 2025
 

سینیئر صحافی زبیدہ مصطفیٰ کا انتقال، سینیٹر شیری رحمان کا گہرے دکھ کا اظہار

 



نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے سینیئر صحافی زبیدہ مصطفٰی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار  کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زبیدہ مصطفیٰ کا انتقال پاکستان میں شعبہ صحافت کے لیے بڑا نقصان ہے، زبیدہ مصطفیٰ نے ہمیشہ انسانی حقوق، تعلیم اور جمہوریت کے لیے آواز بلند کی، جنرل ضیاء کے دور آمریت میں زبیدہ مصطفیٰ نے بہادری سے مزاحمت کی۔ شیری رحمان نے کہا کہ زبیدہ مصطفیٰ خواتین صحافیوں کے لیے مشعل راہ تھیں، زبیدہ مصطفٰی ہمیشہ بہادر خواتین صحافیوں کی صف اول میں رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری وقت تک کمزور طبقات کے حق میں قلم اٹھایا، صحافت میں زبیدہ مصطفیٰ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ گزشتہ روز کراچی پریس کلب اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ زبیدہ مصطفیٰ پاکستانی صحافت کی ایک عظیم علامت اور سینئر صحافی تھیں، وہ اپنے پیچھے ایک ایسی میراث چھوڑ گئیں جو آنے والی نسلوں کے صحافیوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ زبیدہ مصطفیٰ صرف ایک صحافی نہیں تھیں بلکہ وہ اپنی ذات میں خود ایک ادارہ تھیں، سچائی سے ان کی وابستگی، ان کا گہرا تجزیہ اور سماجی انصاف کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد نے صحافتی اقدار کا ایک اعلیٰ معیار قائم کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ بلاشبہ ایک رہنما تھیں، جنہوں نے مردوں کے غلبے والے شعبے میں رکاوٹیں توڑیں اور خواتین کے لیے راستے ہموار کیے، سماجی مسائل، تعلیم اور صحت پر ان کا کام بے حد مؤثر رہا، جو ان کی گہری ہمدردی اور عام لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے عزم کی گواہی دیتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زبیدہ مصطفیٰ کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، لیکن صحافت اور معاشرے کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل