Wednesday, July 16, 2025
 

برطانیہ کا پاکستانیوں کے لیے بڑا اقدام: طلبہ و ملازمین کو ای-ویزا جاری ہونے لگے

 



برطانوی حکومت نے پاکستانی طلبہ اور ورک ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس (ای-ویزا) کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ویزا کے عمل کو تیز، آسان اور محفوظ بنانا ہے۔ یہ اعلان پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ٹریڈ ڈائیلاگ معاہدے اور یو کے-پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ ای-ویزا ایک آن لائن ریکارڈ ہے جو برطانیہ میں کسی فرد کی امیگریشن اجازت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ فزیکل ویزا یا ویزا اسٹیکر کی جگہ لے گا، اور حاملین کو اب پاسپورٹ بھی اپنے پاس رکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق یہ سہولت ان تمام افراد کو دستیاب ہوگی جو چھ ماہ سے زیادہ مدت کے لیے برطانیہ میں قیام کی درخواست دے رہے ہیں۔ ہائی کمیشن کے مطابق درج ذیل ویزا کیٹیگریز میں آنے والے افراد ای-ویزا کے لیے اہل ہوں گے: طالب علم (بشمول 11 ماہ کے مختصر مطالعہ والے) اسکلڈ ورکر (ہیلتھ کیئر سمیت) گلوبل ٹیلنٹ ویزا ہولڈرز انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن چیریٹی اور مذہبی کارکنان گورنمنٹ آتھورائزڈ ایکسچینج ورکرز یو کے ایکسپنشن یا سروس سپلائر ورکرز یوتھ موبلٹی اسکیم کے تحت آنے والے افراد تاہم، جنرل وزٹ ویزا یا ڈیپینڈنٹ ویزا کیٹیگریز میں شامل افراد کو اب بھی فزیکل ویزے کی ضرورت ہوگی۔ جین میریٹ کا کہنا تھا: "یہ اقدام ویزا کے عمل کو نہ صرف محفوظ بنائے گا بلکہ وقت اور وسائل کی بھی بچت کرے گا۔ درخواست دہندگان کو اب اپنے پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کی سہولت ہوگی۔" انہوں نے مزید وضاحت کی کہ موجودہ فزیکل ویزا ہولڈرز کو کسی تبدیلی یا اپڈیٹ کی ضرورت نہیں ہے، اور یہ عمل ان کی امیگریشن حیثیت کو متاثر نہیں کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل