Wednesday, October 01, 2025
 

کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی

 



شہر قائد میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پہلا واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے الطاف نگر 100 فٹ روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت احسان کے نام سے ہوئی ہے اور لاش عباسی شہید اسپتال کے سرد خانے میں رکھ دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسرا واقعہ گارڈن کے علاقے مچھلی مارکیٹ فاطمہ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ چھیپا ایمبولینس کے ذریعے زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت شاہد ولد عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 30 سال ہے۔ فائرنگ کے دونوں واقعات کی وجوہات اور ملوث افراد کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل