Wednesday, October 01, 2025
 

فلپائن میں 6.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی، ہنگامی حالت نافذ

 



فلپائن کے مرکزی صوبے سیبو شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 37 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.9 ریکارڈ کی گئی، جس نے متعدد عمارتوں کو منہدم کر دیا اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ فلپائن کے انسٹی ٹیوٹ آف وولکینالوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق زلزلہ رات 10 بجے کے قریب سیبو میں آیا، جو کہ 32 لاکھ سے زائد آبادی کا حامل صوبہ ہے۔ زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ سیبو کی ترجمان اینجیلیز ڈی لا ٹوری اورونگ کے مطابق کم از کم 20 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 37 افراد زخمی ہیں، 4 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں اور 3 سرکاری دفاتر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنر پام بریکواترو نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی روانہ کی جا چکی ہے۔ مزید براں جنوبی کوتاباتو صوبے کی حکومت نے بھی سیبو کے لیے امدادی سامان اور طبی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ سیبو کے شمالی قصبے سان ریمیگیو میں 5 ہلاکتیں ہوئیں مقامی پولیس افسر کیپٹن جان ایس لایوگ کے مطابق 4 افراد ایک اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال کھیل رہے تھے کہ عمارت گر گئی۔ جاں بحق افراد میں فائر بریگیڈ کا ایک اہلکار اور فلپائن کوسٹ گارڈ کے تین اہلکار شامل ہیں، پانچواں جاں بحق ہونے والا ایک بچہ تھا جو ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔ سان ریمیگیو کی مقامی حکومت نے "اسٹیٹ آف کلیمیٹی" (ہنگامی حالت) نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وسائل کو فوری طور پر متاثرین تک پہنچایا جا سکے۔ سیبو کے اسکولز اور سرکاری دفاتر بدھ کے روز بند کر دیے گئے ہیں تاکہ عمارتوں کا معائنہ کیا جا سکے۔ کئی گرجا گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ آرچ ڈایوسیز آف سیبو نے تمام چرچز میں عبادات روکنے کی ہدایت دی ہے جب تک معائنہ مکمل نہ ہو۔ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس، اپارٹمنٹس اور تاریخی عمارتوں کی تصاویر میں بھی شدید نقصان دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہیں اور مکمل نقصانات کا اندازہ دن کی روشنی میں لگایا جا سکے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل