Loading
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اس موقع پر قونصل جنرل مہران موحد فر بھی موجود تھے۔ نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا معزز ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کا پر تپاک و پر خلوص خیرمقدم کیا جبکہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال اور پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پرلاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا، ایرانی صدر دوراندیش، معتبر اور دانا شخصیت کے مالک ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لیکر جانا چاہتے ہیں، اسرائیل کیخلاف جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدریاں ایران کے ساتھ تھیں، اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ایرانی صدر فسنجانی کے دور میں ایران کا پہلادورہ کیا اور تعلقات قائم کیے، ایران کے رہبر اعلیٰ کی شخصیت متاثر کن ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ایرانیوں کا علامہ اقبال کو اقبال لاہوری کہنااچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے، بد قسمتی سے سابقہ دور میں ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے مگر اب اچھا تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا ہے، پاکستان سیلاب سے شدید متاثر ہے، اس موقع پر ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی و یکجہتی دیرینہ رشتے کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب پر ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے کام کررہے ہیں، صوبے میں سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا، لیکن بروقت اقدامات کی وجہ سے ہزاروں جانوں کو بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مریم نواز نے اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کی بہادری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، والد محمد نواز شریف بھی ہمیں ایران کے لئے دعا کرنے کا کہتے رہے۔ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات متاثرکن ہیں۔ ایرانی سفیر ایرانی سفیر نے حکومت اور عوام کی طرف سے 12روزہ جنگ کے دوران بھرپور حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بدن مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے پاکستان آنے والا وفد سب سے پہلے لاہور کا دورہ کرتا ہے، لاہور ریجنل ہب کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ سیاحت اورثقافت کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے متاثر کن اقدامات کی بدولت لوگ پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔ ایرانی سفیرنے کہا کہ 9 نومبر کو ایران میں اقبال ڈے منایا جائے گا، ایران کے میوزیکل بینڈ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔ 300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، ایرانی طلبہ میاں محمد نواز شریف کو والد کی مانند احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسئلے پر پاکستان اور پاکستان کے عوام کا موقف قابل تحسین و تقلید ہے، جب عہدہ سنبھالا تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 3ارب روپے تھے، آج 20ارب روپے سے بھی زائد ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 40 فیصد تھی، اب پانچ فیصد سے بھی کم ہوچکی ہے۔ سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور بہت محنت کررہی ہیں، وزیراعلی مریم نواز شریف کی طرف سے سیلاب زدہ عوام کو ریلیف کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایران کے عوام عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہماری درخواست ہے کہ فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں مزید فروغ دیا جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل